ودیا ساگر راؤ قانونی مشورہ کے حصول میں مصروف
ممبئی 7 فروری (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے گورنر سی ایچ ودیا ساگر راؤ جنکے پاس ٹاملناڈو کا چارج بھی ہے، اس جنوبی ریاست میں اوپنیراسلوم کے بجائے وی کے ششی کلا کو حکمراں انا ڈی ایم کے کی لیڈر منتخب کئے جانے کے بعد رونما ہونے والی سیاسی تبدیلیوں کے پیش نظر کل تک چینائی پہونچ جائیں گے۔ راج بھون کے ذرائع نے کہاکہ ’’گورنر آج یا کل چینائی روانہ ہوں گے‘‘۔ ودیا ساگر راؤ کے کل شام نئی دہلی سے چینائی کے بجائے ممبئی روانہ ہونے کے بعد ششی کلا کی آج بحیثیت چیف منسٹر حلف برداری کے امکانات موہوم ہوگئے تھے اور یہ اطلاعات بھی گشت کررہی تھیں کہ وہ (گورنر) چینائی میں ششی کلا کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلانے سے قبل قانون رائے حاصل کررہے ہیں۔ سپریم کورٹ نے گزشتہ روز اشارہ دیا تھا کہ ششی کلا کے خلاف غیر متناسب اثاثوں کے مقدمہ پر بہت جلد فیصلہ کا اعلان کردیا جائے گا۔ جیہ للیتا کے انتقال کے بعد ششی کلا کو انا ڈی ایم کے کی جنرل سکریٹری منتخب کیا گیا تھا۔ باور کیا جاتا ہے کہ حلف برداری کے بعد ششی کلا اگر اس فیصلہ میں جرم کی مرتکب قرار پاتی ہیں تو اُنھیں چیف منسٹر کے عہدہ سے ان کا استعفیٰ ناگزیر ہوجائے گا۔ مزید برآں ششی کلا کو حلف برداری سے باز رکھنے کیلئے سپریم کورٹ میں گزشتہ روز مفاد عامہ کی ایک درخواست بھی دائر کی گئی تھی۔