ششی تھرور کی اہلیہ سنندہ پشکر ‘ ہوٹل میں مردہ پائی گئیں

نئی دہلی 17 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) اپنے مرکزی وزیر شوہر ششی تھرور کے ایک مبینہ معاشقہ سے پریشان سنندہ پشکر آج دہلی کی ایک فائیو اسٹار ہوٹل کے کمرہ میں مردہ پائی گئیں۔ یہ شبہ تھا کہ ششی تھرور کا ایک پاکستانی صحافی سے معاشقہ چل رہا ہے ۔ پولیس کو شبہ ہے کہ شائد انہوں نے خود کشی کی ہو ۔ 52 سالہ سننہ پشکر کی نعش آج جنوبی دہلی کی ایک اسٹار ہوٹل لیلا پیلس میں پراسرار حالت میں دستیاب ہوئی ہے ۔ پولیس کے اعلی عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔

کہا گیا ہے کہ مرکزی وزیر کے پرائیوٹ سکریٹری ابھینو کمار نے پولیس کنٹرول روم کو رات 9 بجے کے قریب فون کیا تھا جس کے بعد سروجنی نگر پولیس اسٹیشن کی ٹیم ہوٹل پہونچ گئی ۔ پولیس ذرائع نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ معاملہ خود کشی کا ہوسکتا ہے ۔ دہلی پولیس کے ترجمان راجن بھگت نے کہا کہ تفصیلی تحقیقات کی جا رہی ہیں کیونکہ شادی کے سات سال کے اندر ہونے والی موت کی سب ڈویژنل مجسٹریٹ کے ذریعہ تحقیقات ضروری ہوتی ہیں۔

انہوں نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کاہ کہ چونکہ ششی تھرور کے گھر میں پینٹنگ کا کچھ کام ہو رہا تھا اس لئے یہ جوڑا کل سے ہوٹل میں مقیم تھا ۔ وزیر موصوف آج دن بھر کل ہند کانگریس کمیٹی کے اجلاس کی وجہ سے باہر تھے ۔ جب وہ رات 8.30 بجے واپس آئے تو انہوں نے ہوٹل روم کا کمرہ اندر سے بند دیکھا ۔ ایسا لگتا تھا کہ وہ سو رہی ہیں لیکن بعد میں وہ مردی پائی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں کسی شک و شبہ کی گنجائش نہیں دیکھی جا رہی ہے لیکن یہ ابھی نہیں کہا جاسکتا کہ آیا یہ فطری موت تھی ۔ انہوں نے کہا کہ موت کی وجہ اور وقت کے تعلق سے ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا ۔ وزیر موصوف رات دیر گئے ہوٹل میں تھے جب پولیس نے ان کا کمرہ مقفل کردیا ۔ پولیس نعش کو امکانی پوسٹ مارٹم کیلئے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائینسیس کو منتقل کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ پولیس نے ہوٹل کے سی سی ٹی وی کیمرے کا ریکارڈ حاصل کرلیا ہے ۔