شریک پائلٹ کا نشہ ، 106 مسافرین پھنس گئے

برلن۔ 24 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) ایک پرتگالی ایرلائن نے زائد از 100 مسافرین جنوب مغربی جرمنی کے اسٹٹگارٹ ایئرپورٹ میں پھنس جانے پر معذرت خواہی کی ہے کیونکہ ایک شریک پائلٹ نشہ میں پائے جانے کی وجہ سے لمحہ آخر میں پرتگالی ایرلائن کی ایک فلائٹ کو منسوخ کردینا پڑا۔ TAP Air Portugal کی پرواز کل شب لزبن کیلئے اُڑان بھرنے ہی والی تھی کہ ایک ایئرپورٹ ملازم نے شریک پائلٹ ڈگمگاتے قدموں کے ساتھ جاتے دیکھا اور الکحل کی بو‘ بھی محسوس کی۔ اُس نے فوری ایئرپورٹ حکام کو مطلع کیا جس نے طیارہ کو پرواز سے روک دینے کا فیصلہ کیا۔ فوری طور پر معلوم نہیں ہوا کہ آیا 40 سالہ شریک پائلٹ کو محروس کیا گیا؟ جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے نے رپورٹ دی کہ تمام 106 مسافرین نے ہوٹلوں میں شب بسری کی۔