شردھا گروپ کے سربراہ 14 یوم کیلئے عدالتی تحویل میں ریٹائرڈ فوجی کی شکایت پر عدالت کا اقدام

دارجلنگ ۔ 24 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام ) : کروڑہا روپئے کے چٹ فنڈ اسکام کے اصل ملزم اور شردھا گروپ کے سربراہ سندیبتا سین کو 14 یوم کے لیے عدالتی تحویل میں دیدیا گیا ہے جب کہ ایک ریٹائرڈ فوجی کی جانب سے دائر کردہ کیس میں مقامی عدالت نے یہ کارروائی کی ہے ۔ چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ دارجلنگ کورٹ اوپتل مصرا نے کل شام یہ احکامات اس وقت جاری کئے جب عدالت میں سندیبتا سین خود موجود تھے ۔ یہ کیس دارجلنگ میں مقیم ایک ریٹائرڈ فوجی کوبیر رائے نے جولائی2013 میں شردھا گروپ کے خلاف دائر کیا تھا اور یہ الزام عائد کیا کہ اس گروپ نے انہیں بھاری مالی خسارہ سے دوچار کردیا ہے ۔ کوبیر رائے نے ایک عرضی میں بتایا کہ کمپنی کے اس تیقن پر ایک لاکھ روپئے فکسڈ ڈپازٹ کروائے تھے کہ 15 ماہ بعد تکمیل مدت پر 1.22 لاکھ ادا کئے جائیں گے ۔ جس کے بعد انہوں نے مزید 12 ہزار کی سرمایہ کاری کی تھی ۔ دریں اثناء اپریل 2013 میں شردھا گروپ اچانک بند کردئیے جانے سے انہیں بھاری نقصان اٹھانا پڑا ۔۔