شردھا چٹ فنڈ اسکام کی تحقیقات میں پیشرفت

کولکتہ میں 250 کروڑ مالیتی جائیداد کی عنقریب قرقی
کولکتہ ۔ 27 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ جو کہ کروڑہا روپئے کے شردھا چٹ فنڈ اسکام کی تحقیقات کررہا ہے اندرون 10 یوم ساتواں قرقی حکم جاری کرے گا ۔ ایجنسی کے عہدیدار نے بتایا کہ ہم اندرون 10 یوم بہت بڑا حکم قرقی ( ضبط ) جاری کرنے والے ہیں اور اس جائیداد کی مالیت تقریبا 250 کروڑ روپئے کی ہوگی ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ جائیداد کو لکتہ میں واقع ہے قبل ازیں ڈائرکٹوریٹ آف انفورسمنٹ نے 3 جائیدادیں شہر کولکتہ ، 2 بھوبنیشور اور ایک گوہاٹی میں قرق کی تھی ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ عدالت میں سی بی آئی کی چارج شیٹ پیش کرنے کے بعد ہی کہا ۔ ای ڈی بھی اپنی شکایت داخل کرے گی ۔ ہمیں توقع تھی کہ سی بی آئی ماہ جولائی تک اصل چارج شیٹ داخل کرے گی ۔ لیکن ایسا نہیں ہوسکا ۔ لہذا ہمیں اس وقت تک انتظار کرنا ہوگا ۔ دریں اثناء ایجنسی نے اسکام کے سلسلہ میں پوچھ تاچھ کے لیے ترنمول کانگریس ایم پی شتابدی رائے کو سمن جاری کرتے ہوئے 29 جولائی کو طلب کیا ہے ۔ جب کہ ترنمول کانگریس کے ایک اور ایم پی اور فلمی اداکار متھن چکرورتی نے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کو ٹیکس کی شکل میں 1.20 کروڑ روپئے ادا کئے ہیں جو کہ شردھا گروپ سے محصلہ رقم کے مماثل ہے ایک سوال پر عہدیدار نے بتایا کہ قانون انسداد منی لانڈرنگ کے تحت جرمانہ کی وصولی کا کوئی طریقہ کار نہیں ہے ۔