کولکتہ۔/19مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام ) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے فلمی اداکار اور ترنمول کانگریس ایم پی متھن چکرورتی کو کروڑہا روپئے کے شردھا چٹ فنڈ اسکام کے سلسلہ میں مطلوبہ دستاویزات پیش کرنے میں ناکام ہونے پر تازہ سمن جاری کیا ہے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ رکن پارلیمنٹ کو قانون انسداد ناجائز دولت ( منی لینڈرنگ ) کے تحت تازہ سمن جاری کیا گیا ہے کیونکہ وہ چٹ فنڈ اسکام کی تحقیقات میں مطلوبہ دستاویزات پیش کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ تاہم متھن چکرورتی کے وکیل بمن سرکار سے ربط قائم کرنے پر بتایا کہ نہ انہیں اور نہ ہی ان کے موکل کو انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ سے کوئی نوٹس وصول ہوئی ہے۔ گذشتہ سال یہ پتہ چلنے پر کہ شاردا بزنس پوٹل سے متھن چکرورتی کے اکاؤنٹ میں 2کروڑ روپئے منتقل ہوئے ہیں۔ سی بی آئی نے ممبئی میں فلمی اداکار سے پوچھ تاچھ کی تھی جس کے دوران انہوں نے بتایا تھا کہ سدپٹا سین کی زیر قیادت چٹ فنڈ گروپ سے کوئی کاروباری تعلقات نہیں ہیں اور شخصی معاملتوں کی تفصیلات پیش کرنے کیلئے تیار ہیں لیکن وہ اپنے وعدہ پر قائم نہیں رہے جس کے باعث انہیں سی بی آئی کے روبرو شخصی طور پر حاضر ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔