احمد آباد ۔ /7 جولائی ۔ (سیاست ڈاٹ کام) گجرات کے دو ارکان اسمبلی الپیش ٹھاکر ، جگنیش میوانی اور پاٹیدار کوٹہ ایجی ٹیشن کے لیڈر ہاردک پٹیل کے خلاف پولیس نے آج احاطہ میں زبردستی داخلہ کے علاوہ دیگر الزامات کے تحت مقدمہ درج کرلیا جب ان تینوں نے ایک گھر پر دھاوے کی قیادت کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ وہاں غیر قانونی طور پر شراب رکھی گئی ہے ۔ کانگریس کے رکن اسمبلی الپیش ٹھاکر نے آزاد رکن اسمبلی میوانی اور پاٹیدار لیڈر پٹیل کے ساتھ جمعرات کو ایک عورت کے گھر پر دھاوے کی قیادت کی تھی ۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ کنچن بین مکوانہ کی حیثیت سے شناخت شدہ اس عورت کے گھر میں غیرقانونی طور پر شراب رکھی گئی ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کو بے نقاب کرنے کے لئے وہ اپنے ایک درجن حامیوں کے ساتھ یہ دھاوا کررہے ہیں ۔ مکوانہ نے گاندھی نگر 21 سیکٹر پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تھی ۔ جس کا گھر سپرنٹنڈنٹ پولیس کے دفتر کے قریب واقع ہے ۔ مکوانہ نے انسپکٹر یادو سے کہا کہ یہ تینوں اپنے حامیوں کے ساتھ اس وقت گھر میں داخل ہوئے جب وہاں کوئی مرد موجود نہیں تھا اور دیسی شراب کے دو پاکٹ ڈال کر یہ ثابت کرنے کی کوشش کی تھی کہ اس کا گھر شراب کا اڈہ ہے ۔ بعد ازاں ہاردک پٹیل نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’’گاندھی کے گجرات میں پولیس اور حکمراں بی جے پی کی مدد سے شراب مافیا کچھ بھی کرسکتا ہے ‘‘ ۔