عدالت میں احتجاجی درخواست ‘ امریکی کمپنی کی معذرت خواہی
حیدرآباد/واشنگٹن۔5جنوری( سیاست ڈاٹ کام) امریکی کمپنی کی جانب سے شراب کی بوتلوں پر گاندھی جی کی تصویر شائع کرنے کے خلاف حیدرآباد کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس کمپنی نے بابائے قوم کی توہین کی ہے ۔عوامی برہمی کو دیکھتے ہوئے کمپنی نے معذرت خواہی کرلی ہے ۔کنکٹیکٹ میں واقع نیوانگلینڈ بریونگ کمپنی نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ اس کا مقصد گاندھی جی کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا چنانچہ خود گاندھی جی کے پوتے اور پوتی نے اس کی سراہنا کی ہے۔ کمپنی کے مطابق اس بوتل کا نام ’’گاندھی باٹل‘‘ رکھا گیا تھا ۔ ایڈوکیٹ ایس جناردھن گوڑ نے XI میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ ‘سائبرآباد کے روبرو درخواست دائر کرتے ہوئے یہ دلیل پیش کی کہ الکحل کی بوتلوں پر گاندھی جی کی تصاویر کا استعمال اُن کی توہین ہے۔ ہندوستانی قوانین کے تحت یہ عمل مستوجب سزا ہے ۔ کمپنی کے سربراہ اور پارٹنر نے کہا کہ اگر ہندوستانی عوام کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہو تو وہ معذرت خواہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی جی کے پوتے اور پوتی نے بوتل پر یہ تصویر دیکھی اور اس کی ستائش کی تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارے ارادے بالکل اچھے تھے اور اس کا مقصد صرف یہ تھا کہ گاندھی جی کی سچائی اور محبت کے پیام کو عام کیا جائے ۔ (وکلاء کا احتجاج‘ خبر اندرونی صفحہ پر)