شراب نوشی کر کے گاڑی چلانے والے 10 افراد کے خلاف مقدمہ درج

شمس آباد ۔ 23 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : سائبر آباد پولیس کمشنر سی وی آنند کی ہدایت پر شمس آباد ٹرافک پولیس نے شراب نوشی کر کے گاڑی چلانے والوں کے خلاف مہم شروع کی جس کے تحت شمس آباد میں 10 مقدمات درج کئے گئے اور انہیں کورٹ میں پیش کیا گیا ۔ راجندر نگر کورٹ کے جج نے 10 مقدمات میں 10 افراد کو جرمانہ عائد کرتے ہوئے ایک دن ٹرافک پولیس کے ہمراہ ڈیوٹی انجام دینے کی سزا دی ۔ محمد غوث خاں سب انسپکٹر ٹرافک نے بتایا کہ ہفتہ اور اتوار کی رات کو مہم شروع کی گئی جس میں 10 مقدمات درج کئے گئے جنہیں جرمانہ عائد کیا گیا ۔ ایس جئے پال ساکن کاٹے دھن کو دو ہزار روپئے جرمانہ اور ایک دن ٹرافک ڈیوٹی انجام دینے کی سزا دی گئی اور نریش ساکن دھول پیٹ جو شراب پی کر گاڑی چلا رہا تھا اسے ڈھائی ہزار روپئے جرمانہ اور ایک دن ٹرافک ڈیوٹی انجام دینے کی سزا سنائی گئی ۔ ٹرافک انسپکٹر وینو گوپال کی قیادت میں محمد غوث خاں نے مقدمات درج کیے تھے اور دونوں افراد کو ایک دن مکمل ڈیوٹی کروائی گئی اور انہیں ٹرافک رولس سے واقف کروایا گیا ۔۔