بلیا ۔ 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سہیل دیو بھارتیہ سماج وادی پارٹی کے صدر اور اترپردیش میں کابینی وزیر اوم پرکاش راج بھرنے ایک بار پھر بغاوتی تیور دکھایا ہے۔ اس بار ریاست میں شراب بندی کے معاملے پر انہوں نے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف محاذ کھولا ہے۔ بلیا میں چہارشنبہ کو راج بھرنے ریاست میں شراب بندی کو لیکر اپنے ہی وزیراعلیٰ سے لڑائی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی لڑائی وزیراعلیٰ سے ہے اور فیصلہ امیت شاہ کرائیں گے۔ بلیا میں کارکنان کو خطاب کرتے ہوئے وزیر نے رامائن کے لوکیش معاملے کی مثال دیتے ہوئے خود کو لوکیش بتایا اور امیت شاہ کو مہارشی بالمیکی، جنہوں نے لوکیش اور بھگوان رام میں مصالحت کرائی تھی۔ راج بھرنے کہا کہ 20 مئی کو ضلع میں شراب بندی کو لیکر خواتین کا ایک بڑا احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اس تحریک میں اگر کسی بھی جماعت نے ساتھ نہیں دیا تو وہ خواتین سے 2019ء کے لوک سبھا انتخابات میں ووٹ کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کریں گے۔