جلگاؤں (مہاراشٹرا) ۔ 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایک خاتون مسافر کو مبینہ طور پر نشے میں دھت ٹی سی کے ذریعہ چلتی ٹرین سے ڈھکیلنے کا روح فرسا واقعہ رونما ہوا جس میں خاتون مسافر ہلاک ہوگئی۔ اطلاعات کے مطابق خاتون مسافر جنرل ٹکٹ پر اے سی کمپارٹمنٹ میں چڑھنے کی کوشش کررہی تھی کہ نشے میں دھت ٹی سی جس کی سمپت سالونکھے کی حیثیت سے شناخت عمل میں آئی ہے، نے خاتون مسافر کو چلتی ٹرین سے ڈھکیل دیا۔ سالونکھے کو گرفتار کرلیا گیا۔ مہلوک خاتون کے بھتیجے کی جانب سے جلگاؤں جی آر پی میں داخل کردہ ایک شکایت میں کہا گیا ہیکہ 38 سالہ خاتون اجولا پانڈے نے پٹنہ ایکسپریس کی اے سی کوچ پکڑنے کی کوشش کی لیکن سالونکھے نے اسے روک دیا۔
اسی دوران ٹرین چلنے لگی اور اجولا کو یہ اندیشہ ہوا کہ ٹرین چھوٹ جانے پر اسے دوسری ٹرین ملنے میں بہت دیر ہوجائے گی لہٰذا اس نے اپنی 10 سالہ بیٹی کے ساتھ ٹرین پکڑنے کی ایک بار پھر کوشش کی لیکن سالونکھے نے اسے ڈھکیل دیا۔ اجولا پلیٹ فارم اور ٹرین کے ڈبے کے درمیان واقع خلاء سے پٹریوں پر گر گئی۔ اجولا کے بھتیجے راہول پروہت نے شورمچایا جو اسے اسٹیشن چھوڑنے آیا تھا۔ شور مچانے سے ٹرین روک دی گئی لیکن تب تک بہت دیر ہوچکی تھی کیونکہ ٹرین کے کئی ڈبے اجولا پر سے گذر چکے تھے اور وہ مر چکی تھی۔ ٹی سی ڈر کے مارے ٹرین کی پنٹری کار میں چھپ گیا لیکن برہم ہجوم نے اسے وہاں سے باہر نکال کر پولیس کے حوالے کردیا۔