کابل ۔30 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام)افغان حکام کے مطابق طالبان اور ملکی سکیورٹی فورسز کے مابین شدید لڑائی کے بعد طالبان نے افغان صوبے ہلمند کے ایک اہم ضلع خانشین پر قبضہ کر لیا ہے۔ صوبائی کونسل کے ڈپٹی ڈائریکٹر عبدالمجید اخونذادہ نے آج ہفتے کے روز طالبان کے قبضے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جمعہ کے روز ہونے والی شدید جھڑپوں کے دوران ضلعی پولیس کے سربراہ اور افغان خفیہ ایجنسی کے نائب سربراہ بھی شدید زخمی ہوئے ہیں۔ خانشین ضلع کی سرحد پاکستان سے ملتی ہے اور یہ علاقہ پوست کی کاشت کیلئے بھی مشہور ہے۔
ترکی: فوجی بیس پر حملہ کرنے والے
35 عسکریت پسند ہلاک
انقرہ ۔30 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام)ترک حکام کے مطابق ترکی کے جنوبی صوبے حکاری میں ایک فوجی بیس پر حملہ کرنے کی کوشش کرنے والے پینتیس شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ ترک فوجی حکام کا کہنا ہے کہ ان عسکریت پسندوں کا تعلق کردستان ورکرز پارٹی سے تھا۔ جمعہ کے روز کیے گئے اس حملے میں آٹھ ترک فوجی ہلاک جب کہ پچیس زخمی بھی ہوئے۔ حکام نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ ترک فوجیوں کی ہلاکتوں میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔