بہار میں بجلی گرنے سے چار خواتین سمیت چھ ہلاک
نئی دہلی ،29جولائی (سیاست ڈاٹ کام)قومی دارالحکومت دہلی میں آج صبح سے مسلسل شدید بارش نے معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے ،مختلف مقامات پر صورت حال ٹریفک جام کی وجہ سے زیادہ ابتر ہوگئی ہے ۔مسلسل بارش ہونے کی وجہ سے سڑکوں پر پانی بھرا ہوا ہے اور اس کی وجہ سے کہیں ٹریفک بہت دھیمی رفتار سے چل رہا ہے توکہیں بالکل جام کی صورت ہے۔ دوسری جانب ہریانہ حکومت نے اسکولوں کی چھٹی کا اعلان کیا ہے ۔سڑکوں پر پانی بھرا ہونے کی وجہ سے دہلی سے گڑ گاؤں کی سمت آج نہ جانے کی ہدایات ہیں کیونکہ لوگ گھنٹوں سے اپنی گاڑیاں اور ٹو ویلر لے کر گڑگاؤں کے جام میں پھنسے ہوئے ہیں۔پٹنہ سے موصولہ اطلاع کے مطابق بہار میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران بجلی گرنے سے چار خواتین سمیت چھ لوگوں کی موت کے ساتھ ہی اس مانسون میں بجلی گرنے سے مرنے والوں کی تعداد 82تک پہنچ گئی ہے ۔موتیہاری سے آج یہاں موصول رپورٹ کے مطابق مشرقی چمپارن ضلع کے بنجریا تھانہ علاقے کے روئنیا گاؤں میں بجلی گرنے سے کل شام خواتین کی موت ہوگئی جبکہ ایک بچی اور اس کی ماں جھلس گئیں ۔زخمیوں کاعلاج صدر اسپتال میں چل رہاہے۔ وہیں چھپرا سے موصولہ اطلاع کے مطابق سارن ضلع میں ریویلگنج تھانہ علاقے کے سریندھا گاؤں میں بجلی گرنے کے حادثے میں دو افراد کی موت ہوگئی۔