شجاعت بخاری قتل ‘ مشتبہ افراد کے خاکے جاری

سرینگر 15 جون ( سیاست ڈاٹ کام )جموںو کشمیر پولیس نے آج صحافی شجاعت بخاری کے قتل کے سلسلہ میںملزمین کے اسکرین خاکے جاری کئے ہیں۔ شجاعت بخاری اور ان کے سکیوریٹی گارڈز کو کل گولی مار کر ہلاک کردیا گیا تھا ۔ پولیس نے آج حملہ آوروں کے خاکے جاری کرتے ہوئے عوام سے ان کی شناخت میں مدد کی اپیل کی ہے ۔ پولیس نے ایک ویڈیو سے اخذ کردہ تصویر جاری کی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ یہ ویڈیو شجاعت بخاری پر حملہ کے وقت ایک راہ گیر نے اتاری تھی جس میں ایک داڑھی والے شخص کو صحافی کی گاڑی کے اندر تانک جھانک کرتے دکھایا گیا ہے ۔ ویڈیو کے بموجب ایک شخص بخاری کے گارڈ کو باہر کھینچ رہا ہے اور مشتبہ ملزم کو اپنا پستول تانتے ہوئے اور وہاں سے پولیس کی موجودگی میں غائب ہوتے دیکھا گیا ہے ۔ گذشتہ شب پولیس نے تین موٹر سیکل سوار مشتبہ افراد کی دو تصاویر جاری کی تھیں لیکن ان کے چہرے واضح نہیں تھے ۔ گاڑی کا ڈرائیور ہیلمٹ پہنا ہواتھا جبکہ تیسرا شخص چہرے کو نقاب باندھے ہوا تھا تاکہ شناخت ظاہر نہ ہوسکے ۔ درمیان میں بیٹھا شخص بھی پیچھے پلٹا ہوا تھا تاکہ چہرہ دیکھا نہ جاسکے ۔