سری نگر۔ 19 جون ۔( سیاست ڈاٹ کام ) وادی کشمیر سے شائع ہونے والے بیشتر اردو اور انگریزی روزنامے منگل کے روز سرکردہ صحافی سید شجاعت بخاری کی ہلاکت کے خلاف بطور احتجاج ’اداریہ ‘کے بغیر شائع ہوئے ۔ ان روزناموں نے ’اداریہ ‘کی جگہ خالی چھوڑی تھی۔ مبصرین کے مطابق وادی میں اخبارات کی اشاعت کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے جب اخبارات ’اداریہ ‘کے بغیر شائع ہوئے ۔ کشمیری صحافیوں نے پیر کے روز شجاعت بخاری کی ہلاکت کے خلاف پریس کالونی میں خاموش احتجاج کیا۔ احتجاج میں شامل صحافیوں جنہوں نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے ، نے بعدازاں پریس کالونی سے تاریخی گھنٹہ گھر لال چوک تک پیدل مارچ کیا۔ ایک صحافی نے بتایا کہ خاموش احتجاج کے بعد کشمیر سے شائع ہونے والے اردو اور انگریزی روزناموں کے مدیران نے اپنے اخبارات کے منگل کے شمارے میں بطور احتجاج ’اداریہ ‘کی جگہ خالی چھوڑنے کا فیصلہ لیا۔
شجاعت بخاری و شہریوں کی ہلاکت کے خلاف آج کشمیر بند کی اپیل
سری نگر ۔ 19 جون ۔( سیاست ڈاٹ کام ) علٰحدگی پسند قائدین نے صحافی شجاعت بخاری کی ہلاکت اور گزشتہ چند دن میں سکیورٹی فورسیس کی جانب سے عام شہریوں کو گولی مارکر ہلاک کرنے کے خلاف احتجاجاً کل مکمل بند منانے کی اپیل کی ہے۔ علحدگی پسند گروپس کی ایک کمیٹی نے آج ایک بیان میں شجاعت بخاری کی ہلاکت کی بین الاقوامی تحقیقات کروانے کا بھی مطالبہ کیا ۔