شب برأت کی دوران حادثہ تین نوجوان ہلاک

مدھوبنی ، 3 جون (سیاست ڈاٹ کام) شب برأت کے موقع پر اپنی دھن میں مگن سفر کرنے والے تین افراد برسرموقع ہلاک ہوگئے جبکہ آٹھ دیگر کو شدید زخمی آئے جب بہار کے ضلع مدھوبنی میں آج کی ابتدائی ساعتوں کے دوران ایک ٹرک نے آٹو رکشا کو ٹکر دے دی، پولیس عہدہ دار نے یہ بات کہی۔ یہ حادثہ نراہیا بازار میں پیش آیا۔ مہلوکین کی شناخت محمد قدیر (29 سال)، محمد کلام (31) اور محمد نوشاد (36) کی حیثیت سے کی گئی۔ مجموعی طور پر 11 اشخاص شب برأت کے موقع پر مسرور انداز میں رات دیر گئے ایک آٹورکشا میں سفر کررہے تھے کہ تیزرفتار ٹرک نے ان کی گاڑی کو ٹکر دے دی۔ پولیس کے مطابق تین نوجوان برسرموقع ہلاک ہوگئے جبکہ آٹھ دیگر کو سرکاری اسپتال میں شریک کرایا گیا ہے۔ آٹھ زخمیوں میں سے تین کی حالت نازک ہے اور انھیں بہتر علاج کیلئے پٹنہ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل سے رجوع کردیا گیا ہے۔ نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا گیا ہے۔