موثر انتظامات کرنے صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم کی ہدایت
حیدرآباد۔/28 اپریل، ( سیاست نیوز)صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم نے تمام قبرستانوں کے متولیوں اور منیجنگ کمیٹیوں سے خواہش کی ہے کہ شب برأت کے موقع پر صفائی اور روشنی کے بہتر انتظامات کو یقینی بنائیں۔ محمد سلیم نے کہا کہ شب برأت کے موقع پر مسلمان بڑی تعداد میں زیارت قبور کیلئے حاضر ہوتے ہیں اور متولیوں اور کمیٹیوں کی ذمہ داری ہے کہ بہتر انتظامات کریں۔ قبرستانوں میں صفائی انتظامات کے علاوہ جھاڑیوں کو ہٹایا جائے تاکہ زیارت قبور میں کوئی دشواری نہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ رات کے اوقات میں زیارت میں سہولت کیلئے برقی سربراہی کا موثر انتظام کیا جانا چاہیئے۔ محمد سلیم نے کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے بلدیہ کی جانب سے قبرستانوں کے اطراف صفائی کے انتظامات کی خواہش کی۔ انہوں نے کہاکہ وقف بورڈ کے انسپکٹر آڈیٹرس کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں قبرستانوں میں بہتر انتظامات کا جائزہ لیں۔ گریٹر حیدرآباد کے علاوہ اضلاع کے قبرستانوں کے متولیوں اور منیجنگ کمیٹیوں سے بھی خصوصی درخواست کی گئی ہے۔ صدرنشین محمد سلیم نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ مقدس شب خصوصی دعاؤں میں تلنگانہ ریاست کی ترقی اور مسلمانان عالم کی بھلائی کو شامل رکھیں۔محمد سلیم نے مسلمانوں سے ان کے حق میں بھی دعا کرنے کی اپیل کی۔