شب برات کو نیکلس روڈ بند ، مسلمانوں کو خواب غفلت سے جاگنے کی ضرورت

حیدرآباد ۔ 2 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : گذشتہ روز شہر حیدرآباد میں شب برات پورے خشوع و خضوع کے ساتھ منائی گئی اور شہر کے کئی اہم محلے کی تمام مساجد میں اجتماعات اور بیانات نے امت مسلمہ میں ایک نیا جوش پیدا کیا ہے ۔ لیکن کچھ ایسے واقعات بھی دیکھنے کو ملے جس نے مسلمانوں کو خواب غفلت سے جاگنے کی سمت توجہ مبذول کروائی ہے ۔ شہر حیدرآباد میں نیکلس روڈ کو ایک منفرد شناخت حاصل ہے جو کہ نوجوانوں کے علاوہ ہر عمر کے افراد میں مقبولیت حاصل کرچکی ہے جو کہ تفریحی کے لیے ایک بہتر مقام تصور کیا جاتا ہے ۔ لیکن شب برات کے موقع پر نیکلس روڈ کو پوری طرح بند کردیا گیا ہے ۔ فیصلہ کی رات میں نیکلس روڈ کو حکومت اور پولیس کی جانب سے بند کرنے کے فیصلے نے راقم الحروف کو سوچنے پر مجبور کردیا کہ ’ مسلمان ہی اسلام کی غلط تصویر پیش کررہا ہے ‘ کیوں کہ نیکلس روڈ بیگم پیٹ سے خیریت آباد اور تلگو تلی کے راستوں کو ملنے میں ایک اہم راستہ ہے جس پر ٹرافک نہ ہونے کی وجہ سے کم وقت میں زیادہ فاصلہ طئے کیا جاسکتا ہے لیکن جاگنے کی راتوں میں محکمہ پولیس کی جانب سے نیکلس روڈ کو بند کردینا مسلم نوجوانوں کی اس حرکت کی طرف اشارہ ہے جہاں رات میں یہاں بائیک رائیڈینگ ، چیخ و پکار ، بے ہودہ پن اور عبادت کی رات سڑکوں پر آوارگی کے نئے نئے تماشے ہوتے ہیں جس پر پولیس نے پورے راستے کو نہ صرف بند کردیا بلکہ نیکلس روڈ کے دونوں سروں پر پولیس عہدیدار بھی تعینات تھے ۔ جاگنے کی راتوں میں نیکلس روڈ کا بند ہوجانا مسلمانوں کے عمل پر منفی اور کاری ضرب ہے ۔ کیوں کہ اسلام اخلاق سے پھیلا ہے اور حیدرآبادی نوجوان اپنے اخلاق سے اسلام کی ایک ایسی تصویر پیش کررہے ہیں جو یقینا قابل مذمت اور والدین کو اپنی اولادوں کی جاگنے کی راتوں میں کی جانے والی حرکات کا جائزہ لینے کے ساتھ ان کی بہتر تربیت کرنے کی متقاضی ہے ۔۔