نئی دہلی ۔30اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین یوراج سنگھ شاید آئی سی سی ٹوئنٹی 20ورلڈ کپ 2014ء کے فائنل میں سری لنکا کے خلاف اپنے بین الاقوامی کریئر کا آخری مقابلہ کھیل چکے ہیں کیونکہ ان کا کہنا ہے کہ شاید وہ اپنے کریئر کا آخری مقابلہ کھیل چکے ہیں ۔ یوراج سنگھ جنہوں نے آئی سی سی ونڈے ورلڈ کپ 2011ء میں میان آف دی سیریز مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو عالمی چمپئن بنانے میں کلیدی رول ادا کیا تھا لیکن انہیں اپنے کریئر کے ختم ہونے کا خدشہ لاحق ہوچکا ہے ۔ یوراج سنگھ نے ویسڈن انڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یقیناً میری ہندوستانی ٹیم میں واپسی آسان نہیں دکھائی دے رہی ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ میں نے اپنا کریئر مکمل کرلیا ہے ۔ تاہم اس کے باوجود ایک ہلکی سی کرن باقی ہے کہ شاید میں ہندوستانی ٹیم کی دوبارہ نمائندگی کرپاؤں گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ قریب پہنچ رہا ہے اور گھریلو کرکٹ میں بہتر مظاہروں کیلئے زیادہ مواقع بھی دستیاب نہیں ہے ان حالات میں کھلاڑی کچھ نہیں کرسکتا تاہم جہاں تک ممکن ہوسکے میں اپنی محنت کررہا ہوں اور موقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے تیار ہوں ۔ ہندوستانی ٹیم میں موجود نوجوان کھلاڑیوں کے مظاہرے کافی شاندار ہیں جس کی وجہ سے بھی میرے لئے حالات مشکل ہوچکے ہیں ۔ واضح رہے کہ 2011ء ورلڈ کپ کے بعد سے یوراج سنگھ کا کریئر نشیب و فراز سے گذر رہا ہے کیونکہ اس دوران انہیں کینسر کے علاوہ فٹنس مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے جس کی وجہ سے ان کے مظاہرے بھی شدید متاثر ہوئے ہیں ۔