شاہ میر پیٹ ۔کیسرا آوٹر رنگ روڈ کاموں کے آئندہ ماہ آغاز کا امکان

جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی نے بولیوں کو منظوری دیدی ۔ 9 ماہ میں بنیادی کام مکمل کرنے کی ہدایت
حیدرآباد 24 فبروری ( سیاست نیوز ) جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی ( جے آئی سی اے ) نے شاہ میر پیٹ ۔ کیسرا کے علاقہ میں جملہ 10.3 کیلومیٹر کی آوٹر رنگ روڈ کے کاموں کی تکمیل کیلئے بولیوں کی منظوری دیدی ہے جس کے نتیجہ میں گذشتہ چار سال سے تعطل کا شکار اس کام کا احیاء کرنے میں مدد ملیگی ۔ہوکستا ہے کہ آئندہ مہینے یہ کام شروع ہوسکتا ہے ۔حیدرآباد گروتھ کاریڈار لمیٹیڈ ( ایچ جی سی ایل ) نے اس سلسلہ میں گائتری پراجیکٹس لمیٹیڈ کے ساتھ بہت جلد ایک معاہدہ کیا جائیگا تاکہ کاموں کو الاٹ کیا جاسکے ۔ اس ایجنسی سے کہا گیا ہے کہ وہ اصل راستہ کی تعمیر کا کام نو مہینوں میں مکمل کرلے اور سرویس روڈ اور دوسرے متعلقہ کاموں کی تکمیل 15 مہینوں میں ہونی چاہئے ۔ اس پراجیکٹ کی جملہ مالیت 179 کروڑ روپئے ہے ۔ تین کمپنیوں نے اس کی بولیاں دی ہیں جن میں گائتری پراجیکٹس لمیٹیڈ ‘ این سی سی لمیٹیڈ اور کے این آر کنسٹرکشن لمیٹیڈ شامل تھیں جن میں گائتری پراجیکٹس نے 9 کروڑ روپئے کے فرق کے ساتھ سب سے کم بولی دی تھی ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی اعلی سطح کی فنی کمیٹی نے گائتری پراجیکٹس کی بولی کو منظوری دی تھی گائتری پراجیکٹس لمیٹیڈ حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کا ایک حصہ ہے ۔ ایچ ایم ڈی اے کے عہدیداروں نے بتایا کہ جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی سے کہا ہے کہ وہ اس پراجیکٹ کیلئے ایم ڈی اے کی معاشی امداد کرے ۔ فی الحال پیدا عنبرپیٹ اور شامیر پیٹ کے درمیان شمس آباد اور پٹن چیرو کے ذریعہ 120 کیلومیٹر کی پٹی پر ٹریفک کی حمل و نقل ہے ۔ دوسرے مرحلہ کا قطعی کام تین پیکیجس میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ شاہ میر پیٹ ۔ کیسرا ‘ کیسرا ۔ گھٹکیسر ‘ گھٹکیسر ۔ پیدا عنبرپیٹ شامل ہیں۔ گھٹکیسر ‘ پیدا عنبر پیٹ کی پٹی کو چار ماہ قبل مکمل کرلیا گیا تھا تاہم اسے ٹریفک کیلئے نہیں کھولا گیا کیونکہ چیف منسٹر مصروف ہیں۔ 158 کیلومیٹر طویل آوٹر رنگ روڈ کیلئے کام 2007 میں شروع ہوا تھا اور کام کی تکمیل کیلئے کئی مرتبہ مہلت ٹل گئی ۔ اب از سر نو 2016 کا تعین کیا گیا ہے ۔ شاہ میر پیٹ تا کیسرا کی پٹی پر کام مکمل کرنے کے علاوہ کچھ ادھورے کاموں والی سڑکیں اور جنکشنس کی تکمیل کیلئے ایک سال کا وقت درکار ہوسکتا ہے ۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ ایچ ایم ڈی اے نے 158 کیلومیٹر طویل آوٹر رنگ روڈ میں جملہ 124 کیلومیٹر کی تکمیل کرلی ہے اور گچی باؤلی ۔ شمس آباد مرحلہ اول کے علاوہ پیدا عنبر پیٹ ۔ شمس آباد ‘ نارسنگی ۔ پٹن چیرو اور پٹن چیرو ۔ شاہ میر پیٹ ( مرحلہ دوم ۔ اے ) کو عوام کیلئے کھول دیا گیا ہے ۔ شاہ میر پیٹ سے کیسرا تک 10.3 کیلومیٹر طویل پٹی پر کام میں اس لئے تاخیر ہوئی کیونکہ سابقہ حکومت نے یونائیٹیڈ گلف کنسٹرکشن کمپنی ( کویت ) کے ساتھ معاہد ہکو گذشتہ سال ختم کردیا تھا ۔ حیدرآباد گروتھ کاریڈار لمیٹیڈ نے مابقی کام کی تکمیل کیلئے نئے ٹنڈرس طلب کئے تھے ۔