شاہ میر پیٹ میں کانسٹبل کی ہلاکت پر وزیر داخلہ کا اظہار افسوس

افراد خاندان سے ملاقات ، زخمی سب انسپکٹر کی عیادت
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : سائبر آباد کے حدود میں کل رات پیش آئے واقعہ میں ہلاک کانسٹبل ایشور کی موت پر تلنگانہ کے وزیر داخلہ نے افسوس کا اظہار کیا ہے اور کانسٹبل کے خاندان کی ہر طرح سے مدد کرنے کا تیقن دیا ہے ۔ کل رات دیر گئے ڈاکوں کے حملہ میں ہلاک کانسٹبل کی نعش کا آج پوسٹ مارٹم عمل میں لایا گیا ۔ وزیر داخلہ نے آج عثمانیہ جنرل ہاسپٹل پہونچکر مہلوک کانسٹبل کی نعش کا دیدار کیا اور افراد خاندان سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر سائبر آباد پولیس کمشنر مسٹر سی وی آنند بھی موجود تھے ۔ بعد ازاں این نرسمہا ریڈی نے فائرنگ کے مقام مجید پور چوراہے کا بھی معائنہ کیا اور اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاک کانسٹبل ایشور کے افراد خاندان کی ہر طرح سے مدد کی جائے گی ۔ ساتھ ہی انہوں نے زخمی سب انسپکٹر وینکٹ ریڈی کی ستائش کی جو فی الحال ایک کارپوریٹ ہاسپٹل میں زیر علاج ہیں ۔ انہوں نے سب انسپکٹر کو معیاری طبی سہولیات اور تمام اخراجات کو سرکاری طور پر برداشت کرنے کا بھروسہ دلایا ۔ اور ان کی خدمات کی سرہانہ کی ۔ انہوں نے کہا کہ نقلی کرنسی کی ٹولی کی گرفتاری کے لیے پولیس کی خدمات قابل ستائش ہے ۔ انہوں نے سائبر آباد پولیس کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ مقدمہ میں پیشرفت کریں اور خاطی افراد کو فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے ۔۔