شاہ سلمان اور شاہ عبداللہ دوم کی ملاقات، 15 معاہدے

مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط، دونوں ملکوں کے تاریخی تعلقات مزید مضبوط

عمان۔ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عَمّان میں پیر کے روز اردن کے شاہ عبداللہ دوم اور سعودی فرماں رواں شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے درمیان سربراہ ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دونوں برادر ملکوں کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات کی مضبوطی اور علاقائی سطح پر صورت حال کی پیش رفت کے علاوہ 15 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے سینئر اہل کار بھی موجود تھے۔دو طرفہ بات چیت میں اردن اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون وسیع کرنے کے طریقہ کار پر گفتگو ہوئی جس کے ذریعے مشترکہ مفادات کو فائدہ پہنچے۔دونوں فرماں رواؤں نے اردن اور سعودی عرب کے درمیان خصوصی قریبی تعلقات اور مختلف میدانوں میں سامنے آنے والی بڑی پیش رفت کو سراہا۔ ان میں سکیورٹی ، عسکری ، اقتصادی ، سرمایہ کاری ، تعلیمی ، توانائی ، صحت ، ذرائع ابلاغ ، ثقافت ، زراعت اور محنت کے شعبے شامل ہیں۔بات چیت میں دونوں ملکوں کے درمیان دائمی مشاورت اور کو آر ڈی نیشن کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ بالخصوص دو طرفہ دل چسپی کے امور جن کا تعلق علاقائی اور بین الاقوامی سیاسی منظرنامے اور عرب دنیا کے مفادات سے ہے۔گفتگو میں اردن میں آئندہ عرب سربراہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل موضوعات پر بھی بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر عرب ممالک کی صفوں میں اتحاد کی اہمیت اور مختلف شعبوں میں تمام سطح پر عرب اور اسلامی ممالک کے درمیان قریبی رابطوں اور تعاون میں اضافے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔شاہ عبداللہ دوم کے مطابق مسئلہ فلسطین کے حوالے سے امن عمل کو متحرک کرنے کے لیے کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان ایک مرتبہ پھر سے سنجیدہ مذاکرات کا آغاز ہو۔دونوں سربراہوں نے خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سپورٹ کرنے ، دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے اور مشرقِ وسطی میں درپیش بحرانوں کو حل کیے جانے پر اتفاق کیا۔اس موقع پر اردن اور سعودی عرب میں سرکاری اور نجی سیکٹر کی متعدد کمپنیوں کے درمیان مختلف شعبوں میں معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ ان شعبوں میں سماجی امور ، ماحول ، میڈیا ، ثقافت ، ہاؤسنگ ، ڈاک ، صحت ، سڑکوں کے منصوبے ، بجلی کی پیداوار، واٹر ڈی سیلینیشن ، توانائی اور سرمایہ کاری شامل ہے۔