لکھنؤ ۔ 26 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) ہندو سینا نے فلم اداکر شاہ رخ خان کا پتلا نذر آتش کرکے ان کی فلموں پر ہندوستان میں پابندی عایدکرنے اور انھیں فوراً پاکستان بھیجنے کا جو مطالبہ کیا ہے اس پر سوشلسٹ فرنٹ، مسلم سماج پریشد اور اسمارٹ پارٹی نے اپنے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے سماج دشمن عناصر پر ملک مخالف ہونے کا مقدمہ چلا کر فوری طور پر جیل میں ٹھونسا جائے۔ سوشلسٹ فرنٹ آف انڈیا کے صدر محمد آفاق نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان لوگوں کو شناخت کرکے فوراً جیل بھیجا جائے اس واقعہ کی تصاویر بھی اخبارات میں شائع ہوچکی ہیں چنانچہ ان کی گرفتاری میں زیادہ وقت نہیں لگے گا۔
محمد آفاق نے کہا کہ ایسے لوگ سماج میں فرقہ واریت اور مذہبی منافرت کو بڑھاوا دینے کا کام کرتے ہیں ۔ اگرایسے لوگوں کو سزا نہیں ملی تو آگے بھی یہ لوگ ایسی گری ہوئی اور گھٹیا اور مجرمانہ حرکتیںکرتے رہیں گے۔ محمد آفاق نے سوال کرتے ہوئے پوچھا کہ ہندو سینا کون ہوتی ہے جو ہندوستان کے شہری کو پاکستان بھیجنے کا مطالبہ کررہی ہے؟
انھوںنے مزید کہا کہ ایسے ہی لوگوں نے ہندوستان کے ٹکڑے ٹکڑے کرادیے۔اگرچہ اس وقت بھی ایسی ہی ذہنیت کے لوگ حب الوطنی کا ڈھونگ کررہے تھے اور ملک کے ٹکڑے ہوجانے دیے۔اگر وہ سچے محب وطن ہوتے ہو کہتے کہ ہم اپنے ٹکڑے کروا لیں گے لیکن اپنے ملک کے ٹکڑے نہیں ہونے دیں گے۔ اس وقت کانگریس بھی تھی، جن سنگھ بھی اور وشو ہندو پریشد بھی تھی انھوں نے کیوں ملک کے ٹکڑے ہوجانے دیے، ایسے لوگ آج بھی ملک کے ٹکڑے کرنے کی پالیسی اپنا رہے ہیں ، کبھی مذہب کے نام پر کبھی ذات کے نام پر اور کبھی صوبے کے نام پر تو کبھی زبان کے نام پر۔ اگر ان پر مکمل پابندی عاید نہیں کی گئی تو یہ لوگ ملک کی بربادی کا سبب بنیں گے، ہم سبھی لوگ حکومت حکومت سے مطالبہ کرتے ہیںکہ بلا تاخیر ان پر پابندی عائد کی جائے۔ ورنہ سوشلسٹ فرنٹ آف انڈیا اور اس کی معاون تنظیمیں اس کے خلاف مہم چلائیں گی اور مظاہرے کریں گی۔