ممبئی 23 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) بالی ووڈ سوپر اسٹار شاہ رخ خان آج جوہو میں ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہوگئے ۔ 48 سالہ شاہ رخ خان کو ناناوتی ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا جب وہ فرح خان کی فلم ’’ ہیپی نیو ائیر ‘‘ کی شوٹنگ کے دوران ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں زخمی ہوگئے ۔ ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ ہوٹل کا ایک دروازہ ان پر گر پڑا تھا جس کے بعد وہ زخمی ہوگئے اور خون بہنے لگا تھا ۔ انہیں دواخانہ کو منتقل کیا گیا ہے جہاں ضروری طبی امداد کے بعد گھر بھیج دیا گیا ہے ۔
سنجے دت کی مندر اور درگاہ میں حاضری، بیمار بیوی کیلئے دُعا
ممبئی 23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اداکار سنجے دت نے جن کی بیوی مانیتا فی الحال ایک ہسپتال میں زیرعلاج ہیں‘صحتیابی کے لئے مندر میں پوجا کی۔ جاریہ ماہ کے اوائل میں مانیتا کو ممبئی کے مضافات میں ایک ہسپتال میں شریک کردیا گیا تھا جبکہ اُن کے جگر میں رسولی ہونے اور امراض قلب میں مبتلا ہونے کے شبہ کی تشخیص کی گئی تھی۔ سنجے دت نے حال ہی میں دادر میں شری سدھی ونائک گنپتی مندر اور حضرت سید حاجی عبدالرحمن شاہ بابا درگاہ ڈونگری میں حاضری دی اور بیوی کی صحتیابی کے لئے دعا کی۔ 21 ڈسمبر کو 53 سالہ بالی ووڈ اداکار اور 1993 ء ممبئی سلسلہ وار بم دھماکہ کے مجرم کو یراوڈا جیل پونے سے ایک ماہ کی پیرول پر رہا کیا گیا ہے ۔