نئی دہلی ۔ /4 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سوپر اسٹار شاہ رخ خاں اپنے تین بچوں آریان ‘ سوہانا اور ابرام کے ساتھ اپنے آبائی مقام پشاور کے دورہ کے خواہاں ہے ۔ وہ ایجنڈہ آج تک پروگرام میں شرکت کیلئے نئی دہلی آئے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے ان سے پاکستان کے دورہ کی درخواست کی ہے جسے وہ مسترد نہیں کریں گے ۔ وہ اپنے آبائی مقام کو جانا پسند کرتے ہیں جہاں ان کے والد نے ان کی نوجوانی میں پرورش کی تھی ۔ شاہ رخ خان نے کہا کہ میرا خاندان پشاور سے تعلق رکھتا ہے اور چند لوگ جنہیں میں جانتا ہوں آج بھی بقید حیات ہیں ۔ وہ چاہتے ہیں کہ بچوں کے ساتھ پشاور جائیں اور ان سب سے ملاقات کریں ۔ میرے والد بھی مجھے اس وقت پشاور لے گئے تھے جب میں 15 سال کا تھا ۔ اس کے بعد ان کے والد کا انتقال ہوگیا ۔ آج بھی ان کے ذہن میں یہ یادیں تازہ ہیں ۔