شاہ رخ خان اب ساحر لدھیانوی کا کردار اداکریں گے

ممبئی۔ 24دسمبر (سیاست ڈاٹ کام)بالی ووڈ سوپر اسٹار شاہ رخ خان سلور اسکرین پر عظیم شاعر اور نغمہ نگار ساحر لدھیانوی کا کردار ادا کرتے نظر آ سکتے ہیں۔مشہور ہندی فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی، ساحر لدھیانوی کی زندگی پر فلم بنانے والے ہیں۔ فلم میں ساحر اور مشہورومقبول مصنفہ امرتا پریتم کے تعلقات کو بھی دکھایا جائے گا۔ ایسی خبر ہے کہ شاہ رخ نے بھنسالی کو ساحر کے رول کے لئے ہاں کہہ دیا ہے ۔حالانکہ اس سے پہلے بھنسالی نے عرفان خان اور فواد خان کے نام پر بھی غور کیا تھا لیکن اب شاہ رخ کا نام فائنل ہوا ہے ۔فلم کی شوٹنگ 2018 ء میں شروع ہو سکتی ہے ۔ایسی خبر ہے کہ ساحر لدھیانوی کی سوانح عمری پر مبنی فلم کانام ’’گستاخیاں ‘‘رکھا گیا ہے ۔ فلم میں امرتا پریتم کا کردار اداکارہ بھومی پیڈنیکر ادا کرتی نظر آ سکتی ہیں۔قابل ذکر ہے کہ 1940ء کے دہے میں ساحر اور امرتا پریتم لاہور کے کالج میں ایک ساتھ پڑھا کرتے تھے ۔ کالج کے پروگراموں میں ساحر اپنی غزلوں اور نظموں کو پڑھ کر سنایاکرتے تھے ۔ کچھ وقت کے بعد ساحر کالج سے نکال دیئے گئے ۔ اس کی وجہ یہ مانا جاتا ہے کہ امرتا پریتم کے والد کو ساحر اور امرتا کے تعلقات پر اعتراض تھا کیونکہ ساحر مسلم تھے اور امرتا سکھ تھیں اوراس کے ساتھ کہیںایک وجہ یہ بھی تھی کہ اُن دنوں ساحر کی مالی حالت بھی ٹھیک نہیں تھی۔