شاہ جہاں کے تعمیر کردہ موتی شاہی محل کی تعمیر و مرمت کی اجازت

احمد آباد /14 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) گجرات ہائی کورٹ نے آج مفاد عامہ کی درخواست کو مسترد کردیا، جس میں مغل شہنشاہ شاہ جہاں کی تعمیر کردہ 17 ویں صدی کے موتی شاہی محل کی تعمیر کو روکنے کی درخواست کی گئی تھی۔ کارگزار چیف جسٹس وی ایم شاہی اور جسٹس آر بی دھولریا کی زیر قیادت بنچ نے سردار پٹیل سمرک ٹرسٹ کو موتی شاہی محل کی تعمیر و مرمت کی اجازت دی ہے۔ یہ محل 1621ء میں تعمیر کیا گیا تھا اور 1904ء میں برطانوی حکومت نے اس کا آثار قدیمہ کے طورپر تحفظ کیا تھا۔تاہم 1960 ء میں گجرات ریاست کی تشکیل کے بعد اس مقام کو تاریخی عمارات کی فہرست سے خارج کردیا گیا تھا اور یہاں کچھ دنوں کے لئے گورنر کا دفتر قائم کیا گیا تھا۔