شاہی مسجد باغ عامہ میں سادگی کے ساتھ نکاح کی تقریب جناب زاہد علی خاں کی شرکت

حیدرآباد۔/21جولائی،( راست )آج بتاریخ 21جولائی مجتبیٰ علی خان فرزند حمایت علی خان، حال مقیم کیلی فورنیا امریکہ کا نکاح دختر عبدالجبار صاحب کے ساتھ شاہی مسجد پبلک گارڈن میں انجام پایا۔ خطبہ نکاح قاضی جناب سید شاکر علی صاحب نے پڑھا۔ نکاح کے بعد نوشہ، دلہن کے ساتھ اپنے گھر نور خاں بازار روانہ ہوئے اور کوئی تقریب نہیں کی گئی۔ اس تقریب نکاح میں مہمان خصوصی جناب زاہد علی خاں صاحب ایڈیٹر ’سیاست‘ نے شرکت کی۔ کثیر تعداد میں عزیز و اقارب، جناب حسین خان صاحب، جناب عثمان بن محمد الہاجری، جناب سید کریم الدین شکیل ایڈوکیٹ، جناب مقبول بن عبداللہ الحاجری، جناب عنایت توکلی وغیرہ نے شرکت کی۔ اس طرح یہ شادی انتہائی سادگی سے انجام دی گئی۔ اگر صاحب ثروت حضرات بھی نکاح کی تقریب کو سادگی سے انجام دیں گے تو معاشرہ تمام میں تبدیلی آسکتی ہے۔ نوشہ ، جناب سردار خان مرحوم کے پوترے ہیں۔ جناب زاہد علی خاں نے نوشہ اور ان کے والد کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے شادی کی تقریب کو اس قدر سادگی سے انجام دینے پر خوشی اور مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نکاح کو آسان کرنے کی ان کی جانب سے شروع کی گئی تحریک کو تمام مسلمانوں کو اپنانا چاہیئے۔ شہر حیدرآباد میں کئی جوان لڑکیاں جہیز نہ ہونے کی وجہ سے گھروں میں بیٹھی ہوئی ہیں۔ آج جو سادگی سے نکاح کی تقریب منعقد ہوئی جوکہ مثالی ہے۔