پروفیسر ایس اے شکور کی سبکدوشی کی خواہش پر حکومت کا فیصلہ، طویل خدمات پر اظہار اطمینان
حیدرآباد۔30 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے شاہنواز قاسم آئی پی ایس ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کو ایگزیکٹیو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی کی زائد ذمہ داری دی ہے جبکہ بی شفیع اللہ آئی ایف ایس سکریٹری تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کو ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ مینارٹیز اسٹیڈی سرکل کی زائد ذمہ داری دی گئی۔ پروفیسر ایس اے شکور جو ان دونوں عہدوں کی زائد ذمہ داری سنبھالے ہوئے تھے، ان کی درخواست پر یہ فیصلہ کیا گیا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے 23 مارچ کو سکریٹری اقلیتی بہبود کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے انہیں دونوں زائد ذمہ داریوں سے سبکدوش کرنے کی خواہش کی تھی۔ مکتوب پر کارروائی کرتے ہوئے حکومت نے شاہنواز قاسم اور بی شفیع اللہ کو دونوں اداروں کی زائد ذمہ داری دی ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر سنٹر فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ آف میناریٹیز (CEDM) کے عہدے پر برقرار رہیں گے جوکہ عثمانیہ یونیورسٹی کا ادارہ ہے۔ پروفسیر ایس اے شکور نے محکمہ اقلیتی بہبود میں کئی اہم ذمہ داریوں پر نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ وہ تقریباً 7 سال تک ایگزیکٹیو آفیسر اور اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی کے عہدے پر فائز رہے اور اس مدت میں حج کیمپ کے انعقاد میں نمایاں رول رہا اور تلنگانہ کا حج کیمپ ملک کا نمبر ون کیمپ شمار کیا گیا۔ ملک بھر میں عازمین حج کو بہتر سہولتوں کی فراہمی میں تلنگانہ حج کیمپ کا سنٹرل حج کمیٹی اور مرکزی وزارت اقلیتی امور نے بھی اعتراف کیا ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور دو مرتبہ بلڈنگ سلیکشن ٹیم میں سعودی عرب کا دورہ کرچکے ہیں۔ ایام حج کے دوران عازمین حج کی رہنمائی کے لیے اسسٹنٹ حج آفیسرس کے انٹرویوز کے حیدرآباد میں انعقاد میں ان کا اہم رول رہا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے 7 برسوں تک حج کمیٹی سے اضافی چارج کا ایک بھی پیسہ وصول کیئے بغیر خدمات انجام دیں اور چیف منسٹر کے سی آر نے عازمین کی روانگی کے موقع پر ان کی ستائش بھی کی تھی۔ ڈپٹی چیف منسٹر اور موجودہ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے بھی ہر کیمپ میں ان کی خدمات کو سراہا۔ عازمین حج کے لیے مکہ مکرمہ کے رباط میں اضافی تعداد کو یقینی بنانے میں پروفیسر ایس اے شکور کا اہم رول رہا۔ انہیں متحدہ آندھراپردیش میں 30 ڈسمبر2012ء کو ایگزیکٹیو آفیسر حج کمیٹی مقرر کیا گیا تھا جبکہ اکٹوبر 2012ء میں وہ اسپیشل آفیسر کے عہدے پر فائز ہوئے۔ آندھراپردیش کی تقسیم کے بعد وہ آندھراپردیش حج کمیٹی کی تشکیل تک آندھرا کے عازمین کے لیے بھی خدمات انجام دیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے ساڑھے چھ برس تک سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی اور دو برس تک ڈائرکٹر میناریٹیز اسٹیڈی سرکل کے عہدوں پر بھی نمایاں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان دونوں عہدوں پر بھی انہوں نے اضافی ذمہ داری کے لیے ایک روپیہ بھی وصول نہیں کیا۔ وہ منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن اور کرسچن فینانس کارپوریشن کی حیثیت سے بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔ تلنگانہ میں اردو آفیسرس کے تقررات اور خلوت میں اردو مسکن کے آغاز میں انہوں نے اہم رول ادا کیا۔ پروفسیر ایس اے شکور نے محکمہ اقلیتی بہبود میں طویل عرصہ تک خدمات کی انجام دہی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اقلیتی اداروں کے عہدیداروں اور ملازمین کے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔