مرکز سے مختلف ترقیاتی پراجکٹس کیلئے مختص فنڈز کا جائزہ ، ٹی ناگیشور راؤ کا اجلاس
حیدرآباد /4 فروری ( سیاست نیوز ) ریاستی وزیر عمارت و شوارع ٹی ناگیشور راؤ نے آج محکمہ کے اعلی عہدیداروں کا جائزۃ اجلاس طلب کرتے ہوئے جاریہ سال ریاست میں قومی اور ریاستی شاہراوں کی تعمیرات پر خصوصی توجہ دینے مرکز سے زیادہ سے زیادہ فنڈز حاصل کرنے کی حکمت عملی تیار کرنے کا مشورہ دیا ۔ ریاست میں ارکان اسمبلی کی قیام گاہ و کیمپ آفسوں کی تعمیرات کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ ذمہ داریوں سے غفلت برتنے والے عہدیادروں کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دیا ۔ ٹی ناگیشور راؤ نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ مرکزی بجٹ کا جائزہ لیں اور ریاست کو زیادہ سے زیادہ بجٹ حاصل کرنے کیلئے تجاویز تیار کریں ۔ گذشتہ سال 2016-17 میں مرکز سے ریاست کو محتلف ترقیاتی کاموں قومی شاہراہوں کی ترقی کیلئے 2900 کروڑ نئی قومی شاہراہوں کی تعمیرات کیلئے 8000 کروڑ نکسلائیٹس سے متاثرہ علاقوں میں سڑکوں کی تعمیرات کیلئے 1290 کروڑ سی آر ایف فنڈ سے 1020 کروڑ سڑکوں کے سیکوریٹی انجینئیرنگ کیلئے 90 کروڑ اس طرح جملہ 13,300 کروڑ روپئے حاصل ہوئے ہیں ۔ جاریہ سال مرکزی حکومت نے بجٹ 2017-18 ہیں ان تمام کاموں کی انجام دہی کیہلئے 5217 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں محکمہ عمارت و شوارع کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسی تجاویز تیار کریں کہ ریاست تلنگانہ کو ملک کے دوسرے ریاستوں سے زیادہ بجٹ حاصل ہوسکے ۔ وزیر عمارت و شوارع نے حیدرآباد ، کریم نگر تک راجیو راہداری ، حیدرآباد ناگرجنا ساگر راہداری کو قومی شاہراہوں میں تبدیل کرنے کی تجویز تیار کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ پرنسپل سکریٹری یا چیف انجینئیر کو دہلی میں قیام کرتے ہوئے تمام تجاویز کو منظور کراتے ہوئے عملی جامہ پہنانے کیلئے کام کرنے کا مشورہ دیا ۔ دوسرے اسکیمات کیلئے بھی مختص کئے گئے بجٹ میں ریاست کو زیادہ سے زیادہ حصہ دار بنانے پر زور دیا ۔ اجلاس میں وزیر ٹی ناگیشور راؤ نے ریاست کے 119 اسمبلی حلقوں میں سوائے حیدرآباد کے 15 ارکان اسمبلی کے ماباقی 104 اسمبلی حلقوں میں ارکان اسمبلی کیلئے قیام گاہ و کیمپ آفس تعمیرات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے عہدیداروں نے بتایا کہ 89 اسمبلی حلقوں میں قیام گاہ و کیمپ آفسوں کی تعمیرات کیلئے ٹنڈرس طلب کئے گئے ہر ایک قیام گاہ و کیمپ افس پر ایک کروڑ روپئے خرچ کئے جارہے ہیں۔ 5 حلقوں میں اراضی کا انتخاب نہیں ہوا ہے ۔ 10 حلقوں میں اگریمنٹ کی کارروائی جاری ہے ۔ 89 اسمبلی حلقوں میں ٹنڈرس طلب کئے گئے ہیں ۔ 70 مکانات کی تعمیرات کیلئے کنٹراکٹرس کے حوالے کردئے گئے ہیں 29 قیام گاہوں کی تعمیرات کا آغاز ہوگیا ہے ارکان اسمبلی کی قیام گاہوں کی تعمیرات میں تاخیر کرنے والے عہدیداروں کے خلاف کارروائی کرنے کی وزیر موصوف نے پرنسپل سکریٹری کو ہدایت دی ہے ۔ ٹی ناگیشور راؤ نے محکمہ عمارت و شوارع میں مخلوعہ جائیدادوں کی فہرست بھی طلب کی ہے تاکہ جلد از جلد تقررات کا عمل شروع کیا جاسکے۔