نئی دہلی ، 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ مختلف عرضیوں کی کل سماعت کرے گی جو ڈسمبر 2016ء کے اس کے حکمنامہ میں ترمیم کی استدعا سے متعلق ہیں۔ عدالتی حکمنامہ نے ملک بھر کی ریاستی اور قومی شاہراہوں سے 500 میٹر فاصلہ کے اندرون شراب کی فروخت پر امتناع عائد کیا ہے۔ چیف جسٹس جے ایس کھیہر اور جسٹس ایس کے کول کی بنچ نے آج اٹارنی جنرل مکل روہتگی کی قیادت میں وکلاء کو تیقن دیا کہ وہ کل اس معاملوں کی سماعت کو یقینی بنائیں گے۔ سی جے آئی نے کہا کہ اگر جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کل دستیاب نہ رہیں تو میں ایک علحدہ بنچ تشکیل دوں گا۔ روہتگی نے عدالت کو بتایا کہ فاضل عدالت کا فیصلہ جس میں ہائی ویز کے پاس شراب کی فروخت بند کردینے کا حکم ہے، یکم اپریل سے نافذ العمل ہوگا اور یہ ایسی صورتحال کا موجب بن رہا ہے کہ ہنگامی سماعت منعقد کی جائے۔ آج کیرالا، پنجاب اور تلنگانہ جیسی ریاستیں فاضل عدالت سے رجوع ہوئیں اور اس حکمنامہ میں ترمیم چاہی ہے۔