حیدرآباد ۔ 3 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ بھر میں کل شام پیش آئے خوفناک بارش کے باعث عام زندگی مکمل طور پر مفلوج ہو کر رہ گئی ۔ کئی سڑکیں تباہ و تاراج ہوگئی ۔ شہر کے اہم مقامات میں موجودہ قدیم عمارتیں منہدم ہوجانے سے غریب و پسماندہ افراد بری طرح سے متاثر ہوگئے ہیں ۔ جن کا کوئی پرسان حال نہیں ۔ کل شام بارش کے قہر سے حیدرآباد نادرگل جانے والی شاہراہ پر کئی ایک درختیں گرجانے سے ٹریفک درہم برہم ہوچکی ہے ۔ ایک طرف دسہرہ کی تعطیلات اور دوسری جانب موسلادھار بارش کے سبب ایک مقام سے دوسرے مقام تک پہنچنے کے لیے فور وہیلرس کے مسافرین کو پانچ گھنٹے سے زائد انتظار کرنا پڑا ۔ بارش کا گندہ پانی مین ہولس میں جمع ہوجانے سے صبح تک بارش کا پانی بہنے سے آر ٹی سی بس اور فور وہیلرس مسافرین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ بھونگیر کے قریب ٹول گیٹ کے آگے برج پر بارش کا پانی ایک فٹ سے زائد جمع ہوجانے سے ایک ایک گھنٹے کے بعد گاڑیوں کو چلانا پڑا ۔ جنگاؤں کے قریب نیم کے درخت ایک انوا گاڑی پر گرجانے سے ورنگل کے ایک خاندان بال بال بچ گئے ۔ حیدرآباد سے نشیبی علاقے راجندر نگر ، عیدی بازار ، کاروان اور مستعد پورہ کے علاقے میں جو قدیم عمارتیں ہیں ، منہدم ہونے کے باعث عوام میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔۔
افضل ساگر میں حبیب نگر پولیس کے امدادی کام
حیدرآباد /3 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) حبیب نگر پولیس نے بارش سے متاثرہ افضل ساگر اور سنگر بستی میں غذاء تقسیم کی ۔ پولیس نے کل رات بارش کی شدت کو دیکھتے ہوئے رات دیر گئے تک راحت کاری اقدامات کئے تھے اور رات دیر گئے تک متاثرہ عوام میں غذائی اشیاء تقسیم کئے گئے ۔ انسپکٹر حبیب نگر مسٹر مدھوکر سوامی نے بتایا کہ اس علاقہ میں بارش کے سبب نالے کی زد میں آنے سے 2 تا 3 خاندان متاثر ہوئے ہیں ۔ پولیس نے اپنے طور پر اقدامات کرتے ہوئے 500 افراد کے کھانے کا انتظام کیا اور کل رات کے علاوہ آج دو وقت پولیس نے مقامی عوام کی مدد سے افضل ساگر نالہ متاثرین کے کھانے کا انتظام کیا ۔