شاہدرہ میں آگ لگنے سے 3افراد ہلاک، 12 زخمی

نئی دہلی، 2نومبر (سیاست ڈاٹ کام) جمنا پار کے نیو شاہدرہ علاقے کے موہن پارک میں آج صبح ایک چار منزلہ عمارت میں آگ لگ جانے سے تین افراد ہلاک اور 12 دیگر زخمی ہو گئے ۔فائر بریگیڈ نے آج بتایا کہ آگ لگنے کی اطلاع صبح پانچ بج کر چھ منٹ پر ملی۔ فوری طور پر آگ بجھانے کی پانچ گاڑیاں بھیجی گئیں۔ تقریباً ڈیڑھ گھنٹے بعد 6:30بجے آگ پر قابو پایا گیا۔ محکمہ نے بتایا کہ موہن پارک کے مکان نمبر 10521میں تقریباً ڈیڑھ سو گز میں بنی اس عمارت میں نیچے پارکنگ اور اوپر چار منزل میں فلیٹ بنے ہوئے ہیں۔ہلاک شدگان میں سنجے (36)، رجنی (30) اور آٹھ سال کی بچی شامل ہیں۔ زخمیوں میں 10 کا علاج گرو تیغ بہادر اسپتال میں چل رہا ہے جبکہ دو کو علاقے کے شانتی نرسنگ ہوم میں داخل کرایا گیا ہے ۔ محکمہ نے بتایا کہ زخمیوں میں زیادہ تر دھوئیں کی وجہ سے سانس لینے کی تکلیف سے دو چار ہیں۔آگ لگنے کی اصل وجہ ابھی نہیں معلوم ہوسکی ہے ۔پارکنگ میں ای رکشے کھڑے رہتے تھے۔