شاپنگ کامپلکس، ملٹی پلکس اور عام مقامات پر مفت پارکنگ کی خلاف ورزی

فیس وصولی کی شکایتیں عام، غیر سماجی عناصر کی سرگرمیوں میں اضافہ

حیدرآباد۔6مئی (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے تمام شاپنگ کامپلکس‘ ملٹی پلکس اور عام مقامات پر پارکنگ فیس کے متعلق قوانین نافذ کئے جاچکے ہیں اور ان قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف 100 نمبر پر شکایت کی جا سکتی ہے لیکن آئندہ چند یوم میں جبکہ ماہ رمضان المبارک کا آغاز ہونے جا رہاہے اس ماہ مبارک کے دوران جگہ جگہ غیر سماجی عناصر اور سیاسی اثر رکھنے والوں کی جانب سے غیر مجاز پارکنگ فیس وصول کرنے کی متعدد شکایات وصول ہوئی ہیں اسی لئے محکمہ کو متحرک رہنے کے علاوہ عوام کو بھی باشعور ہونے کی ضرورت ہے کیونکہ عوام کی جانب سے شکایت نہ کئے جانے کے سبب شہر میں ایسے عناصر عوامی دولت کو لوٹنے میں کامیاب ہونے لگتے ہیں۔ریاستی حکومت کی جانب سے نافذ کی گئی نئی پارکنگ پالیسی کے مطابق مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود کے علاوہ ریاست کے دیگر شہری علاقو ںمیں کسی بھی مقام پر اب غیر ضروری پارکنگ فیس وصول نہیںکی جا سکتی لیکن حکومت کی جانب سے ان احکامات کی اجرائی کے باوجود بھی کئی مقامات پر پارکنگ فیس کی وصولی کی شکایات عام ہیں اور آئندہ ماہ رمضان کے دوران ان شکایتوں میں مزید اضافہ ہونے لگتا ہے کیونکہ ماہ رمضان کے دوران مختلف مقامات پر خصوصی بازار لگائے جاتے ہیں اور ان بازاروں کے قریب کی جانے والی پارکنگ سے ایسے لوگ فیس وصول کرتے ہیں جو اس علاقہ میں سیاسی قائدین کے قریب ہوتے ہیں یا پھر جن لوگوں کو غیر سماجی عناصر کی سرپرستی حاصل ہوتی ہے۔محکمہ ٹریفک پولیس اور سٹی پولیس انتظامیہ نے گذشتہ برس رمضان کے دوران پرانے شہر کے کئی علاقوں میں اس طرح کی فیس کی وصولی کے خلاف انتباہ دیا تھا لیکن اس کے کوئی مثبت نتائج برآمد نہیں ہوئے لیکن اگر اس مرتبہ محکمہ پولیس
اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے ماہ رمضان المبارک کے آغاز کے سلسلہ میں اقدامات کئے جاتے ہیں اور ان مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے پارکنگ فیس وصول کرنے والوں کو قبل از وقت انتباہ دیا جاتا ہے تو ایسی صور ت میں عوام کے کروڑوں روپئے بچائے جاسکتے ہیں۔جی ایچ ایم سی نے واضح کردیا ہے کہ اب شہر میں کسی بھی مقام پر قوانین کے خلاف پارکنگ فیس وصول نہیں کی جاسکتی اورایسا کرنے کی صورت میں اس پر جبری وصولی کا مقدمہ درج کیا جاسکتا ہے۔