شام 86 فی صد کیمیائی ہتھیاروں سے دستبردار

دی ہیگ ، 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) شام کی حکومت اور عالمی طاقتوں کے درمیان گزشتہ سال طے پانے والے ایک معاہدے کے تحت دمشق اپنے تمام کیمیائی ہتھیار 30 جون تک تلف کرنے کا پابند ہے۔ کیمیائی ہتھیاروں کے سدِ باب کے عالمی ادارے نے اعلان کیا ہے کہ شام کی حکومت اب تک اپنے کیمیائی اسلحے کا 86 فی صد ذخیرہ اس کے حوالے کرچکی ہے جسے تلف کرنے کا عمل جاری ہے۔ دی ہیگ میں قائم ’آرگنائزیشن فار دی پروہیبیشن آف کیمیکل ویپنز‘ کی جانب سے منگل کو جاری کئے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شام کی حکومت نے کیمیائی ہتھیاروں کی ایک اور کھیپ عالمی ادارے کے حوالے کردی ہے۔ بیان کے مطابق اسلحے کو لتاکیہ کی بندرگاہ سے ایک امریکی بحری جہاز پر لاد دیا گیا ہے جو اسے کھلے سمندر میں تلف کرے گا۔