برلن، 28 اگست (سیاست ڈاٹ کام) جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکل اور امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے فون پر ہوئی بات چیت میں شامی بحران بالخصوص ادلب کے ارد گرد انسانی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا۔جرمنی کی چانسلر اور امریکی صدر کے دفتر نے پیر کو یہ اطلاع دی۔وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارہ سینڈرز نے کہاکہ دونوں رہنماؤں نے صوبہ ادلب میں انسانی بحران کو روکنے کے لئے بین الاقوامی کارروائی کی ضرورت پر زور دیا۔جرمنی کی چانسلر کے ترجمان اسٹیفن سیبرٹ نے کہا کہ روس سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ شام کی حکومت کے ساتھ نرمی سے پیش آئے اور کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکے ۔سیبرٹ نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے یوکرین، مغربی بلقان علاقے اور کاروبار کے معاملات پر بھی بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں نے مشرقی یوکرین میں جاری جدوجہد کو حل کرنے کی نئی کوششوں پر زور دینے کی بات کہی۔