واشنگٹن ۔ 3 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے صدربارک اوباما نے برطانیہ کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون سے کہا ہے کہ شام میں کی جانے والی امدادی کارروائیوں میں تعاون کیلئے امریکہ کی جانب سے بہت جلد بڑے پیمانے پر نئی امداد فراہم کی جائے گی تاکہ اس بحران سے نمٹنے میں مدد ہوسکے جس کا پناہ گزینوں کی بے پناہ تعداد کے سبب یوروپ پر بھاری بوجھ پڑا ہے۔ اوباما نے کیمرون سے ٹیلیفون پر بات چیت کے دوران شامی بحران پر تبادلہ خیال کیا اور اس جنگ زدہ ملک میں انسانی امداد رسانی کے علاوہ سیاسی عمل کی کامیابی میں مدد کیلئے اعتماد سازی اقدامات پر زور دیا۔ دونوں قائدین نے شامی بحران سے نمٹنے کیلئے مدد کی فراہمی کے مقصد سے عطیہ دینے والے ممالک کی لندن میں کل سے شروع ہونے والی کانفرنس سے قبل یہ بات چیت کی۔ اوباما نے کیمرون کو مطلع کیا کہ اس کانفرنس میں ان کے وزیرخارجہ جان کیری امریکہ کی نمائندگی کریں گے اور امدادی کارروائیوں میں امریکہ کی طرف سے فراہم کی جانے والی نئی امداد کا اعلان بھی کریں گے۔ حکومت شام کا موقف ہے کہ ان مذاکرات میں چند بیرونی ممالک کے تائید یافتہ دہشت گرد باغیوں کو شامل نہ کیا جائے۔