بیروت 3 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) شام کا ایک فوجی طیارہ باغیوں کے زیرقبضہ شمال مغربی علاقہ اریہا میں حادثہ کا شکار ہوگیا۔ کم از کم 31 افراد ہلاک ہوگئے۔ انسانی حقوق کے نگرانکار شامی ادارہ کے سربراہ رامی عبدالرحمن نے کہاکہ یہ طیارہ کم بلندی پر پرواز کررہا تھا جبکہ ایک میکانیکی خرابی کی وجہ سے حادثہ کا شکار ہوگیا۔ کم از کم 31 افراد بشمول دو بچے ہلاک ہوگئے۔ 5 مہلوکین کی ہنوز شناخت نہیں ہوسکی۔ کم از کم 60 افراد زخمی ہیں۔ نگرانکار ادارہ نے کہاکہ یہ طیارہ ایک ترکاری بازار کے قریب حادثہ کا شکار ہوا جس سے زبردست دھماکہ کی آواز پیدا ہوئی۔ حکومت شام نے باغیوں کے زیرقبضہ قصبوں پر کئی بار بمباری کی ہے جس کی وجہ سے مقامی افراد نے اسے بھی فوجی حملہ سمجھا تھا۔