ماسکو۔ 3 جون (سیاست ڈاٹ کام) شام پر امن مذاکرات کا نیا دور قازقستان کے دارالحکومت میں وسط جون میں شروع ہوگا۔ شام کے سفیر متعین ماسکو نے یہ بات بتائی۔ ملک شام میں عام حالات کی بحالی کیلئے ان مذاکرات کو روس، ایران اور ترکی کی تائید حاصل ہے۔ مذاکرات کا اہم مقصد ملک شام میں محفوظ زونس کو یقینی بنانا ہے۔ سفیر ریاض حداد نے روس کی سرکاری ایجنسی کو بتایا کہ دمشق کو آستانہ میں 12 تا 13 جون منعقد شدنی مذاکرات میں حصہ لینے کی دعوت ملی ہے۔ دو باغی ذرائع نے بتایا کہ انہیں اب تک ایسا کوئی دعوت نامہ موصول نہیں ہوا۔
افغان نژاد امریکیوں کا پاکستانی
سفارت خانہ کے روبرو احتجاج
واشنگٹن۔ 3 جون (سیاست ڈاٹ کام) افغان امریکیوں کے گروپ نے آج پاکستانی سفارت خانہ کے روبرو پرامن احتجاج کیا۔ اس گروپ نے پاکستان کی جانب سے دہشت گردی کی سرپرستی کے خلاف یہ احتجاج کیا اور انہوں نے ’’پاکستان ایک دہشت گرد ملک ہے‘‘ کے نعرے لگائے۔ اس کے علاوہ ’’پاکستان تم دہشت گرد فیاکٹریز بند کرو‘‘ اور ’’آئی ایس آئی بھی القاعدہ کے برابر ہے‘‘ جیسے نعرے لگائے۔ اس گروپ نے الزام عائد کیا کہ افغانستان میں حالیہ ہوئے بم دھماکے آئی ایس آئی کی ایماء پر کئے گئے جس میں 90 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نہ صرف افغانستان بلکہ پڑوسی ہندوستان کا بھی دشمن ہے۔