شام پر سہ فریقی مذاکرات، کسی پیشرفت کے بغیر ختم

دستوری کمیٹی کے قیام کا عمل سست روی سے دوچار، روس ، ایران اور ترکی کی مساعی جاری
نور سلطان 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) شام کے موضوع پر ایران، روس اور ترکی کی تائید سے قازقستان میں منعقدہ دو روزہ مذاکرات آج ختم ہوئے جن میں ایک جنگ زدہ ملک شام میں سیاسی حل تلاشی کرنے کے لئے دستوری کمیٹی کی تشکیل کے بارے میں کوئی قابل ذکر پیشرفت نہیں ہوسکی۔ تین معاون اسپانسرس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے خضوصی ایلچی برائے شام گیئر پیڈرسن کے ساتھ دستوری کمیٹی کے مسئلہ پر بات چیت ہوئی۔ تاہم جنیوا میں مزید مذاکرات کی ضرورت ہے۔ ان فریقوں نے دستوری کمیٹی کے قیام اور اس کے اجلاس کی جنیوا میں بعجلت ممکنہ طلبی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ دستوری کمیٹی اقوام متحدہ کے لئے خصوصی دلچسپی کی حامل ہے جس نے اس تنازعہ کی شام کی قیادت میں یکسوئی کی تائید کی ہے۔ روسی مذاکرات کار نے پہلے کی بات چیت کے بعد کہاکہ متعدد غیر واضح مسائل دستوری کمیٹی کے قیام میں سست روی پیدا کررہے ہیں۔ قازقستان کے دارالحکومت نور سلطان میں منعقدہ اجلاس کو ایران، روس اور ترکی نے گولان پہاڑیوں پر اسرائیلی خود مختاری تسلیم کرنے امریکہ کے فیصلہ کی مذمت کا اعادہ کرنے کے ایک موقع کے طور پر بھی استعمال کیا۔