شام میں 3 جون کو صدارتی انتخابات کا انعقاد

یکم مئی تک امیدواری کے رجسٹریشن کی مہلت ،صدر بشارالاسد کی دوبارہ امیدواری ممکن

دمشق 21 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)شام میں 3 جون کو صدارتی انتخابات منعقد کئے جائیں گے ۔ پارلیمنٹ کے اسپیکر نے آج اس کا اعلان کیا ۔ امکان ہے کہ صدر بشارالاسد 7 سال معیاد کیلئے ایک بار پھر امیدوار ہوں گے جبکہ شام میں گذشتہ چار سال سے خانہ جنگی جاری ہے اور ان کی امیدواری کی صورت میں اس سے شدت پیدا ہونے کا اندیشہ ہے ۔ تاحال خانہ جنگی میں دیڑھ لاکھ افراد ہلاک اور ایک تہائی آبادی بے گھر ہوچکی ہے ۔ پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد لحم نے کہا کہ امیدواری کا رجسٹریشن 22 اپریل سے شروع ہوگا اور آخری تاریخ یکم مئی مقرر کی گئی ہے ۔ بیرون ملک مقیم شامی شہری بھی رائے دہی میں حصہ لے سکتے ہیں۔صدر بشارالاسد نے برسر عام اعلان نہیں کیا ہے کہ وہ صدارتی انتخابات میں دوبارہ امیدوار ہوں گے لیکن حالیہ مہینوں میں وہ انتخابی مہم چلانے کا رجحان ظاہر کررہے ہیں۔ وہ باغیوں سے سرکاری فوج کے چھینے ہوئے کئی علاقوں کا دورہ کرچکے ہیںاور مقامی شہریوں سے ملاقات کر کے اُن سے ان کی مشکلات کے بارے میں دریافت کرچکے ہیں ۔ کل انہوں نے معلولہ دیہات کا دورہ کیا تھا جہاں عیسائیوں کی غالب آباد ی ہے اور انہوں نے مذہبی اقلیتوں کے محافظ کے طور پر خود کو پیش کیا تھا۔ مذہبی اقلیتوں کی بیشتر تعداد اکثریتی فرقہ سے تعلق رکھنے والے سنی باغیوں سے خوفزدہ ہے ۔ انہوں نے معلولہ کے شہریوں کو ایسٹر کی مبارکباد بھی پیش کی ۔ آج شامی پارلیمنٹ کے قریب مارٹر حملے ہوئے لیکن کسی گروپ نے تاحال اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن دو باغی کارکنوں نے اپنی شناخت پوشیدہ رکھنے کی شرط پر انکشاف کیا ہے کہ یہ حملے باغی جنگجووں نے کئے تھے ۔