جنیوا، 31جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ نے شام میں حال ہی میں کئے گئے فضائی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شامی حکومت باغیوں کے قبضے والے علاقوں کے ہاسپٹلس کو نشانہ بنا رہی ہے۔ شام کے لئے اقوام متحدہ کے علاقائی کوآرڈنیٹر پنوس مامٹزجس نے کل کہاکہ شمال مغربی شام کے ہاسپٹلس اور دیگر طبی سروسز کے مراکز کو نشانہ بنا کر حال میں کئے جا رہے حملوں کو لے کر میں نے شام کی حکومت کو آگاہ کیا ہے ۔ اس سے لاکھوں لوگ اپنی صحت کے بنیادی حقوق سے محروم ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیر کو باغیوں کے قبضے والے ساراکب شہر کے اووداعی اسپتال پر حملے کئے گئے جس میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے ۔شام کی حکومت نے ہاسپٹلس پر حملوں سے انکار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو نشانہ بنا کر حملے کئے گئے ہیں۔ حکومت اگرچہ ہاسپٹلس اور شہریوں کے سہولت مراکز پر حملے کو مسلسل مسترد کرتی رہی ہے ۔ہاسپٹلس کو نشانہ بنانا انسانیت کو شرمسار کرنے کے مترداف ہے جس کا فوری سدباب کیا جانا چاہئے۔