نیویارک۔7مارچ ( سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شام میں کلورین گیس کے استعمال کی مذمت کے لیے امریکہکی جانب سے پیش کردہ قرار داد منظور کرلی ہے اور مستقبل میں کیمیائی حملوں کی صورت میں پابندیوں کی دھمکی دی ہے۔سلامتی کونسل میں جمعہ کو امریکہ کی تیار کردہ قرار داد پر رائے شماری ہوئی ہے اور اس کے حق میں پندرہ میں سے چودہ رکن ممالک نے ووٹ دیا ہے جبکہ وینزویلا نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔قرارداد میں شام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ کیمیائی ہتھیاروں کے امتناع کے لیے کام کرنے والی تنظیم (او پی سی ڈبلیو) کے تحقیقاتی مشن سے تعاون کرے۔اس میں اقوام متحدہ پر زور دیا گیا ہے کہ وہ شام میں کلورین ایسے زہریلے کیمیائی مادے کے استعمال کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرے۔قبل ازیں اوپی سی ڈبلیو کی ایگزیکٹو کونسل نے عرب جمہوریہ شام میں کلورین گیس کے بار بار اور منظم انداز میں استعمال پر گہری تشویش کا اظہار کیا تھا۔اب اقوام متحدہ کی قرار داد میں شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کو بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے اور اس کے ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔اس سے پہلے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی منظور کردہ قرار داد نمبر 2118 کے تحت شام پر کیمیائی ہتھیار تیار کرنے ،رکھنے ،ذخیرہ کرنے یا ان کے استعمال پر پابندی ہے۔
وہ ان کی نقل وحمل بھی نہیں کرسکتا اور نہ دوسرے ممالک کو سپلائی کرسکتا ہے۔