بیروت /27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) باغیوں کے زیر قبضہ دمشق کے مضافات میں کار بم دھماکہ سے کم از کم 11 افراد ہلاک ہو گئے۔ سرکاری فوج کے فضائی حملہ میں دیگر سات افراد کی جانیں ضائع ہوئیں۔ لندن سے موصولہ اطلاع کے بموجب وزیر خارجہ برطانیہ فلپ ہیمنڈ اور وزیر خارجہ فرانس لارنٹ فیبیوس نے ایک مشترکہ اداریہ میں جو روزناموں لیمونڈ اور الحیات میں ایک ساتھ شائع کیا گیا ہے، کہا کہ بشارالاسد ناانصافی، بدنظمی اور انتہاء پسندی کی علامت ہیں۔ شام کے مستقبل میں ان کا کوئی کردار نہیں ہوگا۔ بشارالاسد بازآبادکاری کا دعویٰ کر رہے ہیں، جب کہ 4 سال طویل خانہ جنگی میں دو لاکھ دس ہزار افراد ہلاک اور ایک کروڑ بیس لاکھ افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔