شام میں کئی وزراء کے قلمدان تبدیل

بیروت، 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) شام کے صدر بشار الاسد نے ایک حکم جاری کرکے دفاع، صنعت اور انفارمیشن قلمدان کے لئے نئے وزراء کی تقرری کی ہے ۔سرکاری ٹیلی ویژن نے حکم نامہ کے حوالہ سے آج اس بات کی اطلاع دی۔ شامی صدر نے جنرل علی عبداللہ ایوب کو وزیر دفاع، محمد مازن علی یوسف کو وزیر صنعت اور عماد عبداللہ سارہ کو وزیر اطلاعات مقرر کیا ہے ۔ مسٹر ایوب اس سے پہلے فوج میں چیف آف اسٹاف کے عہدے پر فائز تھے ۔ انہوں نے فہد جسیم الفریزی کا مقام لیا ہے ۔نئے وزیر اطلاعات مسٹر سارہ اس سے پہلے شامی ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے سربراہ کے عہدہ پر رہے ہیں۔ شام میں سینئر وزراء کی تبدیلی عام بات ہے۔ وزارتوں میں یہ تبدیلی اسد مخالف باغیوں اور دولت اسلامیہ کے خلاف جنگ میں ملی جیت کے ایک سال بعد کی گئی ہے ۔صدر بشار الاسد کی فوجی طاقت کافی بڑھ گئی ہے ، لیکن وہ اب بھی اپنے اتحادی ملک روس اور ایران کے اوپر منحصر ہے ۔ شام کے کئی اہم علاقے اب بھی بشار الاسد کے کنٹرول سے باہر ہیں۔ روس شام میں جاری خانہ جنگی کی صورت حال کو ختم کرنے کیلئے سفارتی راہ تلاش کررہا ہے۔