شام میں لاکھوں افراد مناسب خوراک سے محروم

کینبرا ، 3 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام کی چیف اگزیکیٹو ارتھرین کزن نے شامی عوام کیلئے خوراک کی فراہمی سے متعلق مسائل کا معاملہ اٹھایا۔ وہ کل آسٹریلیائی دارالحکومت کینبرا میں تھیں، جہاں انھوں نے کہا کہ سب سے بڑا چیلنج شام کے اندر موجود 6.5 ملین افراد تک خوراک پہنچانا ہے۔ مزید قریب دو ملین افراد شام سے نقل مکانی کر کے لبنان، عراق، اردن، ترکی اور مصر جا چکے ہیں۔ اُن کی ضروریات کے بارے میں بات کرتے ہوئے ورلڈ فوڈ پروگرام کی چیف نے کہا، ’’شام میں ہم جو کچھ بھی کر پا رہے ہیں، اُس سے کہیں زیادہ کی ضرورت ہے‘‘۔ کزن نے مزید بتایا کہ اُن کا ادارہ رواں برس کے دوران شام میں خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ایک بلین ڈالر سے زائد کے اخراجات کی توقع کر رہا ہے، جو اِس ادارے کے مجموعی سالانہ بجٹ کے ایک چوتھائی حصے کے برابر ہے۔