شام میں فضائی حملے نہیں کریں گے:فرانس

نیویارک، 23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) فرانس کے وزیرخارجہ لوراں فابیئس نے شام میں سخت گیر جنگجو گروپ داعش کے ٹھکانوں پر فرانسیسی جنگی طیاروں کے حملوں کے امکان کو مسترد کردیا ہے۔ فرانس پہلا ملک ہے جس کے جنگی طیاروں نے امریکہ کے بعد عراق کے شمالی شہر موصل کے نزدیک داعش کے ٹھکانوں پر گذشتہ ہفتے بمباری کی تھی۔وزیرخارجہ لوراں فابیئس سے سوموار کو جب پوچھا گیا کہ فرانس نے ایک جانب تو عراق میں داعش پر فضائی حملے کئے ہیں لیکن شام میں وہ ایسا کرنے سے گریزاں ہے،اس کے جواب میں انھوں نے کہا کہ بغداد حکومت کی درخواست پر عراق میں فضائی حملے کئے گئے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم نے اقوام متحدہ کے چارٹر کی دفعہ 51 کے تحت ہاں کی تھی اور صدر فرانسو اولاند نے عراق میں فضائی حملوں کا حکم دیا تھا‘‘۔ انھوں نے فرانس کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ وہ شامی صدر بشارالاسد کے خلاف اعتدال پسند حزب اختلاف کی حمایت جاری رکھے گا لیکن جو کچھ ہم عراق میں کررہے ہیں وہی کچھ شام میں دہرانے یعنی فضائی حملوں کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے ہیں۔