جنیوا۔ 17ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) اقوام متحدہ کے تحقیقات کاروں کا کہنا ہے کہ شام میں لڑائی میں مصروف تمام فریقوں کی طرف سے بہیمانہ جرائم کے ارتکاب کے شواہد موجود ہیں۔اقوم متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق کی طرف سے شام کے بارے میں رپورٹ میں دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں، دوسرے مسلح گروہوں اور سرکاری فورسز کی طرف سے لوگوں کیخلاف بڑ پے یپمانے پر ہونے والے مظالم کی تفصیل بیان کی گئی ہے۔کمیشن کے سربراہ پائلو پنہیرونے شام میںجنگ کی بگڑتی ہوئی صورتحال اوربڑے پیمانے پر ہونے والے مظالم پر اپنی مایوسی کو نہ چھپا سکے۔انہوں نے کہا کہ وہ خاص طور پر تمام متحارب گروہوں کی طرف سے عام شہریوں کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم پر پریشان ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق اب تک جنگ کی وجہ سے تقریباً 200,000 افراد ہلاک اور اندازاً 9,50,000 کو زبردستی نقل مکانی کرنی پڑی۔ پنہیرو نے کہا کہ ان عددی حقائق کے پیچھے ایک شخص ہے جو ان جرائم کا نشانہ بنا جن کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔