جنیوا۔ 6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ جنگی جرائم تحقیقاتی عہدیداروں نے کہا ہے کہ ان کے پاس یہ ثبوت موجود ہیں کہ اپریل میں خان شیخون کو کئی افراد کو کیمیائی حملوں کے ذریعہ ہلاکت کیلئے شام کی سرکاری فوج ذمہ دار ہے۔ اقوام متحدہ نے پہلی مرتبہ سرکاری طور پر اس حملہ کیلئے شامی حکومت کو ذمہ دار قرار دیا ہے۔ تحقیقاتی کمیشن نے کہا ہے کہ 4 اپریل کو سرین گیاس حملہ شام کے فضائیہ نے کیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کمیشن کے پاس ایسے ثبوت موجود ہیں جن کی بنیاد پر ہم اس نتیجہ پر پہنچے کہ خان شیخون میں شامی فوج نے سرین گیاس کے ذریعہ فضائی حملہ کیا۔ اس میں 83 افراد ہلاک ہوگئے تھے جن میں ایک تہائی تعداد بچوں کی تھی اور تقریباً 300 افراد زخمی ہوئے تھے۔ ادلیب کے شمالی صوبہ میں جہاں اپوزیشن کا قبضہ ہے ، شامی فوج نے اسے گیاس حملہ کا نشانہ بنایا ۔ دیگر ذرائع نے مہلوکین کی تعداد 87 بتائی ۔