ماسکو ۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایک روسی ہیلی کاپٹر شام میں حادثہ کا شکار ہوگیا جس میں سوار دونوں پائلٹس ہلاک ہوگئے۔ ماسکو کی وزارت دفاع نے آج مختلف خبر رساں ایجنسیوں کے حوالے سے یہ بات کہی۔ روسی ساختہ Ka-52 ہیلی کاپٹر شام کے مشرقی علاقوں میں معمول کی پرواز پر تھا۔ تاہم حادثہ کا شکار ہوجانے سے اس میں سوار دونوں پائلٹس ہلاک ہوگئے۔ یہ بھی بتایا گیا ہیکہ ہیلی کاپٹر تکنیکی خرابی کی وجہ سے حادثہ کا شکار ہوا ہوگا۔ دونوں مہلوک پائلٹس کی نعشیں مل گئی ہیں۔ یاد رہیکہ صرف ایک ہفتہ کے اندر شام میں روسی فوج کا یہ دوسرا المناک حادثہ ہے۔ 3 مئی کو ایک روسی جنگجو طیارہ ایک ایئربیس سے اڑان بھرتے ہی حادثہ کا شکار ہوگیا تھا اور اس میں بھی دونوں پائلٹس کی موت ہوگئی تھی۔ اس طرح اب شام میں روسی فوجیوں کی ہلاکتوںکی جملہ تعداد 88 ہوگئی۔